بھارتی شہر کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی آمد کے موقع پر ناقص انتظامات اور شدید بدنظمی کے باعث ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیڈیم میں داخلے، سیکیورٹی اور انتظامی امور میں کوتاہی کے باعث شائقین میں شدید غصہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں توڑ پھوڑ کے واقعات بھی پیش آئے۔
رپورٹس کے مطابق شائقین کی بڑی تعداد لیونل میسی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچی تھی، تاہم ناقص انتظامات اور محدود رسائی کے باعث صورتحال قابو سے باہر ہو گئی۔ مداحوں نے احتجاج کرتے ہوئے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں میں ہنگامہ آرائی کی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ لیونل میسی تقریباً دس منٹ کے مختصر وقت کے لیے اسٹیڈیم میں موجود رہے، جس پر شائقین میں مایوسی پھیل گئی۔ مداحوں کو امید تھی کہ میسی طویل وقت تک موجود رہیں گے یا ان سے براہِ راست ملاقات کا موقع ملے گا، مگر ایسا نہ ہو سکا۔
واقعے کے بعد انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ناقص انتظامات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔









