پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یمنٰی زیدی اپنی شاندار اداکاری اور متنوع کرداروں کی بدولت بے حد مقبول ہیں۔ ٹی وی اور فلم دونوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی یمنٰی نے کئی یادگار ڈراموں میں شاندار اداکاری کی ہے، جن میں بختاور، پری زاد، پیار کے صدقے، رازِ الفت، تیرے بن، گزارش، تھکن، ذرا یاد کر، عشقِ لا، اور یہ رہا دل شامل ہیں۔ حال ہی میں انہیں ڈرامہ جینٹل مین اور قرضِ جاں میں بھی خوب سراہا گیا۔
اداکارہ فلم نایاب پر لکس اسٹائل ایوارڈ جیت چکی ہیں اور جلد ہی رمضان اسپیشل ڈرامے میں نظر آئیں گی۔
کراچی میں منعقدہ 24ویں لکس اسٹائل ایوارڈز میں یمنٰی زیدی نے ڈیزائنر شہلا چتور کا تیار کردہ تھری پیس لباس زیب تن کیا۔ اس لباس میں روز گولڈ لمبی اسکرٹ، اینٹیک گولڈ کراپ ٹاپ اور کڑھائی و ٹِلّہ ورک سے مزین چمکدار جیکٹ شامل تھی، جس نے تقریب میں مداحوں اور میڈیا کی توجہ حاصل کی۔
یمنٰی زیدی کی فنی قابلیت کے ساتھ ساتھ اسٹائل اور فیشن سینس نے انہیں نہ صرف اس ایوارڈ میں بلکہ شوبز کی دنیا میں بھی ممتاز مقام دلایا ہے۔









