پاکستان کے مقبول یوٹیوبر ڈکی بھائی نے اپنے حالیہ فیملی وی لاگ میں ایک غیر متوقع اعتراف کر کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔ جیل سے رہائی کے بعد یوٹیوب پر واپسی کرنے والے ڈکی بھائی نے بتایا کہ وہ وی لاگ کا آغاز یعنی انٹرو ریکارڈ کرتے ہوئے شدید مشکلات کا شکار رہے، حالانکہ یہی ان کا منفرد انداز اور پہچان سمجھا جاتا تھا۔
ڈکی بھائی، جو جلد ہی 10 ملین سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کرنے والے ہیں، حال ہی میں اس وقت خبروں میں آئے تھے جب انہیں جوا ایپس کی تشہیر کے الزام میں تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔ نومبر کے آخر میں ضمانت پر رہائی کے بعد انہوں نے ایک تفصیلی وی لاگ میں دورانِ حراست پیش آنے والی ناانصافیوں کا ذکر کیا تھا۔
رہائی کے بعد پوسٹ کیے گئے پہلے باقاعدہ فیملی وی لاگ میں ڈکی بھائی نے انکشاف کیا کہ وہ تقریباً تیس منٹ تک انٹرو ریکارڈ کرنے کی کوشش کرتے رہے مگر بار بار ناکام ہو جاتے تھے۔ انہوں نے وی لاگ میں اپنی متعدد ری ٹیکس بھی دکھائیں اور کھل کر تسلیم کیا کہ اب ان کے انداز میں وہ بچپنا اور بے ساختگی محسوس نہیں ہو رہی جو کبھی ان کے وی لاگز کی نمایاں خصوصیت تھی۔
اس موقع پر ان کی اہلیہ عروب نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی تھیں ڈکی بھائی زیادہ سنجیدہ اور میچور ہوں اور وزن بھی کم کریں، جو جیل کے تجربے کے بعد ممکن ہو سکا۔ ڈکی بھائی نے بتایا کہ جیل جانے سے قبل ان کا وزن 99 کلو تھا، جو رہائی کے بعد کم ہو کر 81 کلو رہ گیا۔
ڈکی بھائی کی یوٹیوب پر واپسی نے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔ کمنٹس میں فینز نے ان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ اس نے ڈکی بھائی کی واپسی کے لیے دعا کی، جبکہ ایک اور مداح نے کہا کہ ’’اللہ کا شکر ہے وہ واپس آ گئے، ہمیں ان کا انٹرو بہت یاد آ رہا تھا۔‘‘ بعض مداحوں کا کہنا تھا کہ انداز جیسا بھی ہو، ڈکی بھائی کی موجودگی ہی ان کے لیے کافی ہے، جبکہ ایک صارف نے جذباتی انداز میں لکھا کہ ’’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کسی یوٹیوبر کے لیے اتنا روؤں گا۔‘‘









