اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ نورخان ایئر بیس پر وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کابینہ ارکان کے ہمراہ معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید کے طیارے کی آمد پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فضائی سلامی دی، جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے ارکان سے معزز مہمان کا تعارف بھی کرایا۔
یو اے ای صدر کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اہم معاشی اور تجارتی معاہدوں کی منظوری دی جائے گی، جن سے دوطرفہ تعاون کو نئی جہت ملنے کی توقع ہے۔
صدر شیخ محمد بن زاید کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اماراتی صدر کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات لازوال اور برادرانہ ہیں، اور یہ دورہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔









