برطانیہ میں پی ٹی آئی سے منسوب سوشل میڈیا ویڈیو پر تشویش، عسکری قیادت کے خلاف مبینہ پرتشدد دھمکیاں

لندن/اسلام آباد: برطانیہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منسلک سوشل میڈیا سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جہاں ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر پاکستان کی عسکری قیادت کے خلاف پرتشدد دھمکیوں کا مواد سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 23 دسمبر 2025 کو پی ٹی آئی برطانیہ کے ایک مبینہ آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں برطانوی سرزمین پر موجود چند مظاہرین کو پاکستان کے فیلڈ مارشل کے خلاف بم دھماکے کے ذریعے قتل کی دھمکی دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ایک خاتون کی جانب سے انتہائی اشتعال انگیز اور نفرت آمیز زبان استعمال کی گئی۔

قانونی ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات کو آزادیٔ اظہار یا سیاسی اختلاف کے زمرے میں نہیں رکھا جا سکتا، بلکہ یہ براہِ راست تشدد اور دہشت گردی پر اکسانے کے مترادف ہو سکتے ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور برطانوی انسدادِ دہشت گردی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزی ہے۔

ذرائع کے مطابق ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد متعلقہ ادارے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اس مواد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے نے بیرونِ ملک سیاسی سرگرمیوں کے ضابطۂ اخلاق اور قانونی حدود پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں