سال 2025ء پاکستان کی تاریخ میں ایک ایسے عہد ساز دور کے طور پر ابھرا جس نے ملکی وقار، خود اعتمادی اور عالمی تشخص کو نئی جہت دی۔ اس سال پاکستان نے نہ صرف معاشی بحالی اور استحکام حاصل کیا بلکہ دفاع، سفارت کاری، کھیلوں اور سائنسی ترقی کے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں سمیٹیں۔
مئی 2025ء میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر خطے میں طاقت کے توازن کو واضح طور پر تبدیل کر دیا۔ پاک فوج کے آپریشن بنیان المرصوص کو عسکری ماہرین نے دفاعی حکمتِ عملی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی مثال قرار دیا۔ اس کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور تزویراتی اہمیت کا اعتراف کھل کر سامنے آیا۔
اسی دوران ملکی معیشت میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ افراطِ زر میں تاریخی کمی، جی ڈی پی میں اضافہ، اسٹاک مارکیٹ کی ریکارڈ کارکردگی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے نے پاکستان کو ممکنہ ڈیفالٹ سے نکال کر معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔ ایس آئی ایف سی کے تحت شروع کیے گئے منصوبوں نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
کھیلوں کے میدان میں بھی 2025ء پاکستان کے لیے یادگار رہا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی، ارشد ندیم کی عالمی فتوحات، انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح اور اسکواش و ہاکی میں نمایاں کارکردگی نے قومی وقار میں اضافہ کیا۔
عالمی سفارت کاری کے محاذ پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال کر امن، مذاکرات اور حقِ خودارادیت کے اصولوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ خلائی تحقیق اور سائنسی میدان میں سپارکو کی کامیابیاں پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کے صفِ اول کے ممالک میں شامل کرتی نظر آئیں۔
مجموعی طور پر سال 2025ء پاکستان کے لیے ایک نئے اعتماد، مضبوط ریاستی بیانیے اور عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔









