بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی سابق اہلیہ اور معروف ہدایت کار کرن راؤ اپینڈکس کی سرجری کے بعد ممبئی کے سر ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال میں زیر علاج رہیں، جہاں سے انہوں نے اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔
کرن راؤ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسپتال سے ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے مختصر ویڈیو، چند تصاویر، مریض کا بینڈ اور اپنی سیلفی شامل کی۔ تصاویر میں ایک دلچسپ پہلو اس وقت سامنے آیا جب اسپتال کے بینڈ پر ان کا پورا نام ’کرن عامر راؤ خان‘ درج نظر آیا، جس نے سوشل میڈیا صارفین میں مختلف سوالات کو جنم دے دیا۔
52 سالہ کرن راؤ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ 2026 کی پارٹی کی تیاریوں میں مصروف تھیں تاہم اچانک اپینڈکس کی تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل ہونا پڑا، جس کی وجہ سے تمام منصوبے ادھورے رہ گئے۔ انہوں نے سرجری کرنے والی ڈاکٹرز کی ٹیم، اسپتال کے عملے، دوستوں اور اہلِ خانہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی بتایا کہ کچھ دوست ان کے سوجے ہوئے ہونٹوں کا مذاق اڑانے آئے تھے، جو الرجی کی وجہ سے سوج گئے تھے، تاہم اب وہ مکمل طور پر بہتر ہیں۔ کرن راؤ نے تصدیق کی کہ انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور وہ گھر واپس آچکی ہیں۔
واضح رہے کہ کرن راؤ نے فلمی کیریئر کا آغاز فلم لگان میں معاونت سے کیا، بعد ازاں دھوبی گھاٹ کی ہدایت کاری کی، جبکہ ان کی حالیہ فلم لاپتا لیڈیز نے بھارت سمیت عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی اور 2024 میں بھارت کی جانب سے آسکرز کے لیے بھی منتخب ہوئی۔
یاد رہے کہ عامر خان اور کرن راؤ نے 3 جولائی 2021 کو 16 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد باہمی رضامندی سے طلاق کا اعلان کیا تھا اور اپنے بیٹے آزاد راؤ خان کی مشترکہ پرورش کا فیصلہ کیا تھا۔









