بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سنائی گئی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق دونوں کی جانب سے سزا کے خلاف اپیلیں وکیل خالد یوسف چوہدری کے توسط سے دائر کر دی گئی ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی اپیل پر ڈائری نمبر 24561 جبکہ عمران خان کی اپیل پر ڈائری نمبر 24560 مختص کیا گیا ہے۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے ایک ایسے گواہ کے بیان پر انحصار کیا جسے پہلے ہی برطرف کیا جا چکا تھا، جب کہ وعدہ معاف گواہ کے بیان پر انحصار قانوناً درست نہیں تھا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی۔ اپیل گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ ایک ہی جرم میں متعدد بار سزا نہیں دی جا سکتی اور اسپیشل سینٹرل عدالت کو اس مقدمے کی سماعت کا اختیار حاصل نہیں تھا۔
اپیل میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر سلطانی گواہ بنایا گیا، جبکہ بلغاری سیٹ توشہ خانہ کے قواعد کے مطابق سابق حکمران جوڑے نے اپنے پاس رکھا تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ مکمل تفتیش کے بغیر قائم کیا گیا اور اپیل گزاروں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ درخواست گزار سرکاری ملازم کی تعریف میں بھی نہیں آتے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپیلوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔









