ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کیس: اے ٹی سی کا بڑا فیصلہ، عادل راجا و دیگر ملزمان کو دو، دو بار عمر قید

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ سنا دیا، جس میں عادل راجا سمیت متعدد ملزمان کو دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق 9 مئی سے متعلق ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ہوئی، جہاں اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے ٹرائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے عادل راجا، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو بھی دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزا سناتے ہوئے دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 35 سال قید اور 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے 24 گواہان عدالت میں پیش کیے گئے، جبکہ ملزمان کی عدم موجودگی میں انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت ٹرائل مکمل کیا گیا۔

عدالتی کارروائی کے دوران پراسیکیوشن کی نمائندگی راجا نوید حسین کیانی نے کی۔ تھانہ آبپارہ کے مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو عمر قید جبکہ تھانہ رمنا کے مقدمے میں شاہین صہبائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو سزا سنائی گئی۔

عدالت نے واضح کیا کہ انسداد دہشت گردی قوانین کے مطابق ملزمان کی غیر موجودگی میں بھی ٹرائل ممکن ہے، اسی قانون کے تحت فیصلہ سنایا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں