دسمبر 2025 میں تاریخ کی بلند ترین ٹیکس وصولی کا ریکارڈ قائم ہونے پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیکس کلیکشن میں مزید اضافے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر خزانہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے ٹیم ایف بی آر اور فیلڈ فارمیشنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران ٹیکس نظام میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں دسمبر 2025 کی وصولیاں نہایت حوصلہ افزا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارکردگی حکومت کے مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے، بہتر ٹیکس تعمیل، مؤثر نفاذ اور ڈیجیٹل اصلاحات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن، کیش لیس لین دین کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیے بغیر مضبوط نفاذِ قانون کی حکمت عملی نے عملی اور پائیدار نتائج دینا شروع کر دیے ہیں۔
وزیر خزانہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے دسمبر 2025 کے دوران 1,427.1 ارب روپے ٹیکس وصول کیا جو ماہانہ ہدف 1,446 ارب روپے کا تقریباً 99 فیصد بنتا ہے۔ یہ کسی بھی سال کے دسمبر میں اب تک کی سب سے زیادہ ٹیکس وصولی ہے، جو ٹیکس نظام میں بہتری اور مؤثر عملدرآمد کی عکاسی کرتی ہے۔









