ریاستی اداروں کی نجکاری معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے، پی آئی اے کی نجکاری اہم سنگِ میل قرار

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے ویژن کا بنیادی حصہ ہے اور اس عمل کے ذریعے معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کابینہ ارکان کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی نجکاری کو انتہائی کامیابی سے مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی یہ عزم کیا گیا تھا کہ خسارے میں چلنے والے ریاستی اداروں کی نجکاری کی جائے گی، تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم ہو اور اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری اسی سلسلے کی ایک بڑی پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں خاطرخواہ اضافہ خوش آئند ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر معاشی استحکام کی راہ پر ڈال دیا ہے۔

وزیراعظم نے حالیہ دورے کے دوران صدر متحدہ عرب امارات سے ملاقات کو دو طرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے حوالے سے انتہائی مفید قرار دیا۔ اجلاس میں انہوں نے گزشتہ روز سعودی ولی عہد سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور اسٹریٹیجک تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے سی سی ایل سی کے فیصلوں اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس سے متعلق اقدامات کی توثیق کر دی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں اور آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس لیوی کے حوالے سے تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو ریلیف دینے کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے تھرڈ پارٹی کے ذریعے آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت سے متعلق صدارتی حکم نامے کے اجرا کی منظوری بھی دے دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں