پاکستان اور امریکا کے تعلقات نئی بلندیوں پر، ریکوڈک میں اربوں ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری متوقع

اسلام آباد:
پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات اس وقت اپنی تاریخ کے مضبوط ترین مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک میں اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی توقع کی جا رہی ہے۔

امریکی سفارت خانے کے منسٹر کاؤنسلر برائے پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے درمیان قائم مضبوط اور باہمی احترام پر مبنی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکی حکومت کے ایگزم بینک کے اشتراک سے پاکستان کے بڑے معدنی منصوبے ریکوڈک میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی نجی کمپنیاں پاکستان کے مائنز اینڈ منرلز سیکٹر میں تیزی سے دلچسپی لے رہی ہیں، جو اقتصادی تعاون میں اضافے کی واضح علامت ہے۔

اینڈی ہیلس نے مزید کہا کہ امریکی کمپنیاں جہاں سرمایہ کاری کرتی ہیں وہاں مقامی باصلاحیت افراد کو روزگار دینے کو ترجیح دیتی ہیں، جس سے پاکستان میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے تعلیم کو پاک امریکا تعلقات کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے بتایا کہ فل برائٹ پروگرام کے تحت اب تک 9 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ امریکا کی بڑی جامعات سے تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔

امریکی سفارتکار کے مطابق موجودہ دور پاکستان اور امریکا کے درمیان اعتماد، شراکت داری اور اقتصادی ترقی کے نئے باب کی نمائندگی کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں