شمالی بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کا بڑا دفاعی مظاہرہ، جدید میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ

پاکستان بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں ہونے والی ایک جامع بحری مشق کے دوران زمین سے فضا میں مار کرنے والے جدید میزائل سسٹم ایل وائی–80 (این) کا کامیاب تجربہ کر کے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق بدلتی ہوئی بحری جنگی حکمتِ عملی کے پیش نظر ترتیب دی گئی، جس میں روایتی اور بغیر پائلٹ نظاموں کو عملی طور پر آزمایا گیا۔ مشق کے دوران پاک بحریہ نے عمودی لانچنگ سسٹم کے ذریعے ایل وائی–80 (این) میزائل فائر کیا، جس نے توسیع شدہ فاصلے پر فضائی ہدف کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔

اس مشق میں جدید لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحِ آب کے اہداف کو بھی درستگی سے نشانہ بنایا گیا، جو پاک بحریہ کی جدید پریسیژن اسٹرائیک صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

اس کے علاوہ بغیر پائلٹ سطحی بحری جہاز یعنی ان مینڈ سرفیس ویسل کے کھلے سمندر میں کامیاب تجربات کیے گئے، جن میں تیز رفتاری، بہترین نیویگیشن، پھرتی اور سخت موسمی حالات میں مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ان یو ایس ویز کو کم خطرے اور زیادہ اثر رکھنے والے اسٹیلتھ ٹیکٹیکل انٹرسیپٹرز قرار دیا گیا ہے۔

مشق کا مشاہدہ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کیا، جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی ہر صورت ملک کے بحری دفاع اور قومی سمندری مفادات کا تحفظ یقینی بناتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں