سرد موسم کی شدت کے باعث پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اور عوامی رائے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر تعلیم نے سوشل میڈیا پر عوامی سروے کرایا تھا، جس میں تقریباً 87 فیصد افراد نے چھٹیوں میں توسیع کی حمایت کی، جبکہ 13 فیصد افراد نے تعلیمی ادارے 12 جنوری سے کھولنے کے حق میں رائے دی۔
سروے کے مطابق 19 جنوری سے اسکول کھولنے کے حق میں 1 لاکھ 54 ہزار سے زائد ووٹ آئے، جبکہ 24 ہزار سے زائد افراد نے 12 جنوری کی تاریخ کی حمایت کی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ تمام سی ای اوز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے چھٹیوں میں توسیع کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پرائیویٹ اسکولز پیر 12 جنوری کو کھول دیے جائیں گے۔ ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق پہلے ہی طلبہ کا بہت زیادہ تعلیمی نقصان ہو چکا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران موسم سرما کی شدت میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔









