سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران نئی سیاسی جماعت پاکستان رائٹس موومنٹ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر پارٹی کی مرکزی قیادت، کارکنان، رفقا اور سول سوسائٹی کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ ان کی جماعت 1973 کے آئین کے مطابق کام کرے گی، جو حاکمیتِ اعلیٰ اللہ تعالیٰ کو تسلیم کرتا ہے اور اسلامی اصولوں کی ضمانت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عام آدمی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہو چکا ہے، اسی لیے پاکستان رائٹس موومنٹ برابری اور انصاف کی بنیاد پر عوام کی خدمت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کا بنیادی مقصد چند طبقات کی اجارہ داری کا خاتمہ، سماجی و معاشی انصاف، فوری اور سستا انصاف، آزادیٔ اظہار، تعلیم و صحت کی سہولتوں کی فراہمی، غربت اور کرپشن کا خاتمہ اور وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کی بحالی ہے۔
سابق سینیٹر نے موجودہ پارلیمانی نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحافت اور اظہارِ رائے پر پابندیاں ہیں، جبکہ بے روزگاری، مہنگائی، غذائی عدم تحفظ، منشیات، ماحولیاتی آلودگی اور کرپشن سنگین مسائل کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔
انہوں نے دفاعی بجٹ، اشرافیہ کی اجارہ داری، آئی پی پیز کو ادائیگیوں اور نوجوانوں کی بدحالی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ملٹری آپریشنز سے قبل عوام، منتخب نمائندوں اور علاقائی جرگوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنا چاہیے اور ملک کو درست سمت میں لے جانے کے لیے باصلاحیت اور دیانتدار قیادت سامنے آنی چاہیے۔









