خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 8 جنوری 2026 کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان اور ضلع کرم میں آپریشنز کیے گئے۔ شمالی وزیرستان میں خوارج کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی ضلع کرم میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر کی، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 مزید خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت کئی دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال کیا جاتا رہا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی موجودگی کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت اور وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمتِ عملی ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔









