شہر قائد کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے اور ماہرین نے اس میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت دوسرے روز بھی سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدر لغاری کے مطابق سردی کی موجودہ لہر منگل تک جاری رہ سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سردی کی شدت میں حالیہ اضافہ مغربی بارشوں کے نظام کے اثرات کی وجہ سے ہوا، کیونکہ اس نظام کے عقب میں موجود سرد ہوائیں درجہ حرارت میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔
امیر حیدر لغاری نے مزید کہا کہ جب یہ مغربی سسٹم مکمل طور پر ختم ہو جائے گا تو سائبیرین ہوائیں فعال ہو جائیں گی، جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آئندہ 10 روز تک کراچی میں بارش کے کسی نئے نظام کے اثرات کی توقع نہیں ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سردی کے دوران مناسب لباس پہنیں اور ضرورت کے مطابق احتیاطی تدابیر اپنائیں۔









