لاہور:
اہل پنجاب کے لیے خوشخبری ہے کہ صوبائی حکومت نے اپنے انقلابی ہاؤسنگ پروگرام ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے اسے جوائنٹ فیملیز تک بڑھا دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ حکومت نے جوائنٹ فیملیز کو اپنے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود اور آسان اقساط پر قرض فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ صدیوں پرانی جوائنٹ فیملی روایت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
ان کے مطابق جون 2026 تک پنجاب میں ایک لاکھ 60 ہزار گھر بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جن شہریوں کے پاس اپنی زمین نہیں، انہیں بھی زمین فراہم کی جائے گی اور گھر بنانے کے لیے قرض دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں جہلم میں 194، قصور میں 129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں میں 59 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سانجھے چُلھے، سانجھے ویہڑے اور اپنی چھت کے تصور کو مدنظر رکھتے ہوئے جوائنٹ فیملیز کو خصوصی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ہر خاندان کے لیے بہتر رہائش ممکن ہو۔









