ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: پاکستان کی شرکت یا بائیکاٹ؟ حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی مشاورت سے مشروط

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کی شرکت یا ممکنہ بائیکاٹ کے معاملے پر وزیر اعظم سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں ہی قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس پر مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہے۔ اس فیصلے کا پس منظر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا حالیہ مؤقف بھی ہے، جس نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنی ٹیم کو بھارت بھیجنے سے انکار کیا تھا۔

بنگلادیشی کرکٹ بورڈ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جس ملک میں ایک کھلاڑی کی سیکیورٹی یقینی نہیں بنائی جا سکتی، وہاں پوری ٹیم کو محفوظ رکھنا ممکن نہیں۔ تاہم، آئی سی سی نے بنگلادیش کے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کر لیا، جسے کرکٹ حلقوں میں دوہرا معیار قرار دیا جا رہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اس سے قبل بنگلادیش کے مؤقف کی حمایت کر چکے ہیں اور آئی سی سی کے دوہرے معیار کو کھلے الفاظ میں مسترد کر چکے ہیں۔

دوسری جانب بھارت میں پھیلنے والے خطرناک نیپا وائرس نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ بھارتی ریاست مغربی بنگال میں دو نرسز اور ایک ڈاکٹر سمیت پانچ افراد میں نیپا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

یہ وائرس ورلڈکپ کے آغاز سے چند ہفتے قبل پھیلنا شروع ہوا ہے، جس کے باعث ایونٹ کی تیاریوں، لاجسٹکس اور سیکیورٹی انتظامات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر وائرس کی شدت میں اضافہ ہوا تو ورلڈکپ کے انعقاد پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں