بھارت میں فضائی آلودگی کرکٹ میدانوں تک پہنچ گئی، رانجی ٹرافی میچ میں کھلاڑی ماسک پہننے پر مجبور

بھارت میں فضائی آلودگی کی سنگین صورتحال نے کرکٹ کے میدانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جہاں کھلاڑیوں کو میچ کے دوران ماسک پہن کر کھیلنا پڑا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رانجی ٹرافی میں ممبئی اور دہلی کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی تھی۔

یہ میچ ممبئی کے باندرا کرلا کمپلیکس میں منعقد ہوا، جہاں گرد و غبار اور فضائی آلودگی نے ماحول کو شدید متاثر کیا۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کے اطراف جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث آلودگی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صورتحال کے پیش نظر ممبئی کے بیٹرز سرفراز خان، مشیر خان اور ہمانشو سنگھ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ماسک پہن کر میچ میں شرکت کی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئیں۔

رپورٹس کے مطابق ممبئی میں اس روز ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 160 تک ریکارڈ کیا گیا، جسے غیر تسلی بخش قرار دیا جاتا ہے۔ اس صورتحال نے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ شائقین اور منتظمین کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ممبئی میں آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچز، جن میں گروپ مقابلے اور سیمی فائنل بھی شامل ہیں، شیڈول ہیں۔ ایسے میں فضائی آلودگی کے ممکنہ اثرات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور ماہرین بہتر انتظامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں