بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں گھریلو جھگڑے کے بعد ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 38 سالہ سافٹ ویئر انجینئر شتروگھن سنہا نے 16ویں منزل سے کود کر اپنی جان دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گریٹر نوئیڈا کے علاقے بسرکھ میں واقع پیرا ماؤنٹ ایموشنز سوسائٹی میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شتروگھن سنہا کا اپنی اہلیہ سے کسی بات پر شدید جھگڑا ہوا تھا، جس کے دوران اس نے مبینہ طور پر بیوی پر حملے کی کوشش کی۔
اسی دوران سالی نے مداخلت کی تو شتروگھن سنہا نے سبزی کاٹنے والے چاقو سے اس پر وار کیا، جس کے نتیجے میں اس کے ہاتھ پر زخم آئے اور شدید خون بہنے لگا۔ زخمی خاتون کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جب اہلیہ نے بہن کو زخمی دیکھا تو پولیس کو اطلاع دینے کے لیے کال کی، جس پر شتروگھن سنہا بدنامی کے خوف سے گھبرا گیا اور خود کو کمرے میں بند کر لیا۔ بعد ازاں پولیس کے آنے کے خدشے پر اس نے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگا دی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ شتروگھن سنہا گزشتہ چھ ماہ سے بے روزگار تھا اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ واقعے سے قبل اس نے شراب بھی پی تھی جبکہ پڑوسیوں کے مطابق میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ شتروگھن سنہا ایک آئی ٹی کمپنی میں سافٹ ویئر انجینئر تھا، اس کی شادی کو تقریباً 11 سال ہو چکے تھے اور اس کا 8 سالہ بیٹا بھی ہے۔ پولیس کے مطابق اس کی اہلیہ بھی ایک آئی ٹی کمپنی میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتی ہیں۔









