ایران کے اسرائیل پر نئے میزائل حملے، خطے بھر میں کشیدگی شدت اختیار کرگئی

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے جب ایران نے اسرائیل پر میزائل حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں تباہی اور جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں میزائل گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ مغربی یروشلم پر حملے میں 9 اسرائیلی شہری ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر کم از کم 7 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حملوں کے دوران تل ابیب، یروشلم اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں سائرن بج اٹھے اور شہریوں کو بنکروں میں منتقل کیا گیا۔


خلیجی ممالک میں بھی خطرے کی گھنٹی

کشیدگی کے دوران کویت سٹی میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں اٹھتے دیکھا گیا، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ امریکی سفارتخانے نے شہریوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ سفارتخانے کی طرف نہ آئیں، گھروں کی نچلی منزل پر پناہ لیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں کیونکہ میزائل اور ڈرون حملوں کا خطرہ برقرار ہے۔

اسی دوران منامہ، دوحہ اور ابوظہبی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ جنگی طیاروں کی پروازوں نے صورتحال کو مزید کشیدہ بنا دیا۔


عراق میں بھی دھماکوں کی اطلاعات

عراق کے خودمختار کرد خطے کے دارالحکومت اربیل میں شدید دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق عراقی فضائی دفاعی نظام نے اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کی۔


کویت میں آئل ریفائنری واقعہ

کویتی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مینا الاحمدی آئل ریفائنری کے قریب ملبہ گرنے سے دو کارکن معمولی زخمی ہوئے۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے فضائی حملے کے سائرن فعال کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ شیخ خلیفہ بن سلمان پل کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

خطے میں جاری حملوں اور ممکنہ جوابی کارروائیوں کے باعث خلیجی ممالک میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں