واشنگٹن:
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کا واضح مشن ایران کی بیلسٹک میزائل صلاحیت کو تباہ کرنا ہے تاکہ وہ خطے اور دنیا کیلئے خطرہ نہ بن سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے دعویٰ کیا کہ ایران نے خلیجی ممالک میں فوجی اور غیر فوجی دونوں اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں ہوٹلوں اور رہائشی عمارتوں پر حملے بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق ایران نے 100 سے زائد میزائل فائر کیے جس کے ابتدائی حملوں میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر امریکا پیشگی کارروائی نہ کرتا تو نقصانات کہیں زیادہ ہو سکتے تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کے بقول اگر ایران کو میزائلوں کے ساتھ ایٹمی صلاحیت بھی حاصل ہو گئی تو وہ عالمی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکا خطے کے اتحادی ممالک کے تحفظ اور عالمی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔









