امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی جنگ کے آٹھویں روز بھی ایران کے دارالحکومت تہران پر وسیع پیمانے پر حملے جاری ہیں، جبکہ ایران کی طرف سے بھی ان حملوں کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر حملہ کیا گیا جس میں متعدد طیاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ تہران کے معروف آزادی ٹاور کے قریب بھی امریکا اور اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بمباری کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں اور شہری علاقوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ایران میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے باعث اب تک شہداء کی تعداد ایک ہزار 332 تک پہنچ چکی ہے، جن میں طالبات، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کا دعویٰ ہے کہ اب تک تین ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، جبکہ 43 ایرانی بحری جہازوں کو نقصان پہنچایا گیا یا تباہ کر دیا گیا ہے۔









