مشرقی وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران امریکی فوج کے ایک طیارے KC-135 کے مغربی عراق میں گر کر تباہ ہونے کا تازہ واقعہ پیش آیا ہے۔
امریکی فوج کے سینٹ کام (CENTCOM) نے جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ حادثہ کسی دشمن یا اتحادی کی فائرنگ کے باعث پیش نہیں آیا۔
رپورٹس کے مطابق جنگ کے دوران ضائع ہونے والا یہ چوتھا امریکی فوجی طیارہ ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ جنگ کا آغاز 28 فروری کو ہوا تھا۔ ابتدائی دنوں میں ایران کے طیاروں، بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے دوران کویتی فورسز کی غلطی سے 3 امریکی F-15E طیارے مار گرائے گئے تھے، تاہم ان طیاروں کے تمام 6 اہلکار بروقت ایجیکٹ ہو کر محفوظ رہ گئے تھے۔
امریکی فضائیہ کے مطابق KC-135 طیارہ فضاء میں دیگر طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے اور عام طور پر اس میں 3 افراد پر مشتمل عملہ ہوتا ہے: پائلٹ، شریک پائلٹ اور ایندھن کی فراہمی کے نظام کو چلانے والا اہلکار۔ بعض مشنز میں اس طیارے میں نیویگیٹر بھی موجود ہوتا ہے اور یہ 37 مسافروں تک کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔









