دوحہ میں زور دار دھماکے، قطری فضائیہ کا میزائل حملہ ناکام

دوحہ (ویب ڈیسک): خلیجی خطے میں جاری شدید کشیدگی کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آج صبح زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سیکیورٹی فوری طور پر متحرک ہو گئی۔

قطر کی وزارتِ داخلہ نے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ صبح 6 بج کر 38 منٹ پر پیش آنے والے اس واقعے کے بعد سیکیورٹی خطرہ ختم کر دیا گیا ہے اور صورتحال اب معمول پر آ چکی ہے۔ وزارت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ حکام کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

قطری وزارتِ دفاع کے ترجمان نے واضح کیا کہ “مسلح افواج نے ملک کو نشانہ بنانے والے میزائل حملے کو بروقت ناکام بنا دیا۔” انہوں نے مزید کہا کہ فضائیہ نے مربوط انداز میں کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ تباہی کو ٹال دیا۔

ذرائع کے مطابق، یہ دوسرا موقع ہے جب دوحہ میں 24 گھنٹوں کے دوران دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھی اسی نوعیت کی آوازیں گونجی تھیں، تاہم اس بار صورتِ حال زیادہ سنگین بتائی جا رہی ہے۔

خطے کی کشیدہ صورتحال
قطر سمیت پورا خلیجی خطہ حالیہ دنوں میں ڈرونز اور میزائل حملوں کی زد میں ہے۔ علاقائی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ حملے اس بات کی علامت ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اب خلیجی ممالک کے قلب تک پہنچ چکی ہے۔

سکیورٹی ماہرین کے مطابق، خلیجی خطہ تیزی سے بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی کی لپیٹ میں آ رہا ہے اور آنے والے دنوں میں اگر صورتِ حال پر قابو نہ پایا گیا تو یہ ایک وسیع تر تنازع کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔

قطری حکومت نے صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں