فجیرہ/ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے انڈسٹریل ایریا میں ڈرون حملے کے باعث پیٹرولیم تنصیب میں آگ لگ گئی۔ اماراتی حکام کے مطابق اس حملے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں فوری طور پر حملے کی جگہ پہنچ گئیں اور انڈسٹریل ایریا میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ معلومات کے لیے مکمل طور پر سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور افواہوں یا غیر تصدیق شدہ رپورٹس سے گریز کریں۔
حملے کی نوعیت
ذرائع کے مطابق یہ حملہ اس وقت ہوا جب علاقے میں متعدد ڈرون دیکھے گئے، جن میں سے ایک نے پیٹرولیم تنصیب کو نشانہ بنایا۔ فجیرہ کی بندرگاہ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور برآمد کے حوالے سے خطے کی اہم بندرگاہوں میں شمار ہوتی ہے۔









