تہران – ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ دشمن آبنائے ہرمز پر قبضہ کرنا چاہتا ہے لیکن اس کی یہ خواہش کبھی حقیقت نہیں بنے گی اور ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائے گی۔
ایرانی خبر ایجنسی وانا کے مطابق خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے بیان دیا کہ امریکی صدر اور اسرائیلی حکام کے غلط اندازوں نے انہیں ایرانی قوم اور اس کی مسلح افواج کی طاقت کا سامنا کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
ترجمان نے زور دے کر کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی اسٹریٹجک غلطی انہیں کمزوری اور ناکامی کے راستے پر ڈال رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی مسلح افواج پوری طرح چوکنا ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا اہم ترین راستہ ہے اور ایران اس کی سلامتی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی طاقت اگر اس اسٹریٹجک آبی گزرگاہ میں مداخلت کی کوشش کرے گی تو اسے ایران کے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے بعد خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔ ایرانی مسلح افواج نے کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کا اعلان کر رکھا ہے۔









