امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی دونوں جماعتوں کے اراکین پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد پاکستان لیکر جائے گی

دورے کا بنیادی مقصد دونوں عوام میں رابطوں کا فروغ، پاکستانی شہریوں کے لئے امریکی ویزے کی مدت میں کمی لانا ہے

کوشش ہے زیادہ سے زیادہ امریکی نرسوں کو پاکستان سے امریکہ لایا جائے، دورے سے عوامی رابطوں میں اضافہ ہوگا: اسمبلی مین الیک بروک
نیویارک( رپورٹ: محمد فرخ)امریکی پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم پاکستانی امریکن پبلک افئیرز کمیٹی ( APPAC) ریپبلکن اور ڈیموکریٹ ممبران پر مشتمل ایک دو جماعتی ( Bipartisan)وفد پاکستان لیکر جارہی ہے۔اس دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات میں بہتری اور عوام سے عوام ( People to People)رابطوں میں تیزی لانا ہے۔ تاکہ ایک دوسرے کی ثقافت، تہذیب اور مشترکہ اقدار سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔یہ دورہ امریکی پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ ایڈووکیسی سیاسی تنظیم اے پی پیک کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو وہ پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور کمیونٹی کو امریکی مین سٹریم میں نمایاں مقام دلانے کے لئے کررہی ہے۔پاکستانی شہریوں کو ویزے کے اجراء کے لئے انتظار کی مدت میں کمی اور زیادہ سے زیادہ پاکستانی نرسوں کی امریکہ آمد کو یقینی بنانا ہے۔نیویارک سٹیٹ اسمبلی ڈسٹرکٹ 46 سے ریپبلکن اسمبلی مین الیک بروک۔ کراسمی نے دورے کے حوالے سے ھفت روزہ آواز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دورے میں دونوں اطراف کے ممبران ہونگے جو اس بات کو واضح کرتا ہے کہ دونوں عوام کے درمیان تعلقات کے فروغ اور بہتری کے لئے ایوان کے دونوں اطراف کے ممبران متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر فل راموس چند ماہ قبل وفد اے پی پیک کا وفد لیکرپاکستان جاچکے ہیں۔اسمبلی مین نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانیوں کے لئے ویزے کی انتظار کی مدت میں کمی لائی جائے اگرچہ یہ مدت پہلے ہی تین ماہ سے کم ہوکر ڈیڑھ ماہ تک ہوگئی ہے مگر ہم مزید کمی کی کوششیں کررہے ہیں۔مسٹر بروک الیک نے کہا کہ ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ پاکستان کے نرسنگ اسکولوں سے فارغ التحصیل نرسوں کی امریکہ آمد کو یقینی بنایا جائے کیونکہ نیویارک سٹیٹ میں نرسوں کی قلت ہے اور پاکستانی نرسوں کے ذریعے اس کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اور بھی کئی دیگر چھوٹے موٹے پروجیکٹس ہیں جن پر ہم کام کررہے ہیں تاہم مذکورہ دونوں منصوبے اہم ترین ہیں۔اسمبلی مین نے اپنی بات کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ انشاءاللہ ہم جون جولائی میں وفد لیکر پاکستان جائیں گے جس کے اہم نتائج برآمد ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں