اسلام آباد: (آوازنیوز) پاک بھارت جنگ کے محرکات پر جھوٹا بھارتی بیانیہ بے نقاب کرنے کیلئے پاکستانی سفارتی ٹیم کا اہم مشن طے پا گیا۔وزیراعظم کا تشکیل کردہ وفد بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں 2 جون کو امریکا کیلئے روانہ ہوگا، وفد کی نیویارک میں اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں، پاکستانی وفد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کرے گا۔سفارتی وفد نیویارک کے بعد واشنگٹن بھی جائے گا، وفد کی واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔پاکستانی سفارتی وفد امریکی حکام کو بھارتی جھوٹے بیانیے اور کشمیر میں جاری بھارتی بربریت سے آگاہ کرے گا، سلامتی کونسل کے ارکان کو بھی بھارتی جھوٹ سے آگاہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں موجودہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ایک اعلیٰ سطح سفارتی کمیٹی تشکیل دی تھی جو مختلف ممالک کا اہم دورہ کرے گی، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قائم سفارتی کمیٹی بھارت کے خلاف عالمی محاذ پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کیلئے کام کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری حالیہ پاکستان بھارت تنازع کے پیش نظر وفد کے ہمراہ یورپ کا دورہ کریں گے اور بھارتی جارحیت سے عالمی برادری کو آگاہ کریں گے، کمیٹی میں مصدق ملک، لیگی رہنما خرم دستگیر، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور جلیل عباس جیلانی شامل ہیں۔
