واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تاریخی امن معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت دونوں ممالک نے مکمل جنگ بندی، تجارتی تعلقات کے فروغ اور ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں آذربائیجان کے صدر اور آرمینیا کے وزیراعظم نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ صدر ٹرمپ نے بطور گواہ معاہدے کی توثیق کی۔ اس موقع پر منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اب دونوں ممالک جنگ کے بجائے تجارت اور معیشت پر توجہ دیں گے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ معاہدے میں ٹیکنالوجی، کاروبار اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں شراکت داری شامل ہے۔ انہوں نے کہا، “میں جنگ نہیں، امن اور ترقی چاہتا ہوں”۔
یاد رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر دہائیوں سے کشیدگی جاری تھی، جو اب اس معاہدے کے بعد اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے