ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑے ٹاکرے کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اگرچہ ایشیا کپ 2025 کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان تنازع سامنے آیا تھا، تاہم آئی سی سی نے ورلڈکپ میں ایک مرتبہ پھر پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاک بھارت میچ 15 فروری 2026 کو کولمبو میں کھیلے جانے کا امکان ہے، جس کا شائقین کرکٹ بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں 5 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ پاکستان اور بھارت گروپ ون میں شامل ہیں جن کے ساتھ امریکا، نمیبیا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں موجود ہیں۔
گروپ وار تفصیل
گروپ 1: پاکستان، بھارت، امریکا، نمیبیا، نیدرلینڈز
گروپ 2: بنگلادیش، اٹلی، انگلینڈ، نیپال، ویسٹ انڈیز
گروپ 3: آسٹریلیا، آئرلینڈ، عمان، سری لنکا، زمبابوے
گروپ 4: افغانستان، کینیڈا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، یو اے ای
رپورٹس کے مطابق ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سپر ایٹ کے مرحلے میں پہنچیں گی جبکہ وہاں سے بہترین چار ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی۔
کرکٹ شائقین پاک بھارت مقابلے کو ورلڈکپ کا بڑا ترین ٹاکرا قرار دے رہے ہیں جس کے لیے کولمبو میں تیاریاں بھی پیشگی شروع ہونے کی اطلاعات ہیں۔









