سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایک معروف پاکستانی اداکارہ کے مبینہ ٹیکس چوری کے کیس کی نشاندہی کی ہے، تاہم تاحال کسی اداکارہ کے نام کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔
زیرِ گردش رپورٹس کے مطابق مذکورہ اداکارہ کے سوشل میڈیا پر تقریباً ایک کروڑ فالوورز ہیں اور انہوں نے گزشتہ سال کے آغاز میں شادی کی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی فلم اور ٹی وی اسٹار نے اپنی شادی کی تقریبات پر مبینہ طور پر 6 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شادی کے بعد ایف بی آر کی جانب سے جانچ پڑتال کے دوران اداکارہ کی ظاہر کردہ آمدن اور طرزِ زندگی میں نمایاں فرق سامنے آیا۔ اداکارہ نے 9 سال قبل ایف بی آر میں رجسٹریشن تو کروائی تھی، تاہم ان کے جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کے مطابق ان کی آمدن اتنی نہیں کہ وہ کروڑوں روپے کے اخراجات برداشت کر سکیں، جبکہ بیرونِ ملک دورے اور مسلسل تقریبات بھی ان کی ظاہر کردہ آمدن سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
ایف بی آر کی مبینہ تحقیقات میں سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز اور پوسٹس سے شواہد اکٹھے کیے گئے، جن میں شادی کی تقریبات کے مقامات، کیٹرنگ، ملبوسات، زیورات اور پروڈکشن کے اخراجات شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان تمام اخراجات کی مجموعی مالیت تقریباً 6 کروڑ 77 لاکھ روپے بنتی ہے، جو اداکارہ کے ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہیں کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران اداکارہ کے بڑھتے ہوئے اخراجات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مبینہ طور پر جان بوجھ کر ٹیکس سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں سیکشن 111 کے تحت غیر واضح آمدن یا اثاثوں کے لیے نوٹس جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ تسلی بخش وضاحت نہ ملنے کی صورت میں ان رقوم کو چھپی ہوئی آمدن قرار دے کر قابلِ ٹیکس آمدن میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
مزید یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اگر معاملہ سنگین ثابت ہوا تو سیکشن 192-اے کے تحت قانونی کارروائی پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ تمام معلومات سوشل میڈیا اور غیر مصدقہ رپورٹس پر مبنی ہیں اور ایف بی آر یا کسی اداکارہ کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔









