اداکارہ عالیہ علی کا بولڈ مناظر پر متنازع بیان، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

پاکستان کی معروف اداکارہ اور ماڈل عالیہ علی اپنے حالیہ متنازع بیان کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہیں، جس پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

عالیہ علی نے 2010 میں پاکستان ٹیلی وژن کے ڈرامہ سیریل زندان سے شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور اس کے بعد بے گناہ، رنگ لگا، خلش، گل و گلزار، یہ ہے زندگی، بندھن، بھروسہ پیار تیرا، تقدیر اور کفارہ جیسے متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا۔ حال ہی میں انہیں ڈرامہ میں منٹو نہیں ہوں میں بھی خوب سراہا گیا۔

اداکارہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی مقبول ہیں، جہاں ان کے ٹک ٹاک پر 20 لاکھ سے زائد جبکہ انسٹاگرام پر 14 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔

حال ہی میں عالیہ علی اپنی فلم آئٹم کی تشہیر کے لیے نادیہ خان کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے بولڈ مناظر کی شوٹنگ سے متعلق کھل کر بات کی۔ پروگرام کے دوران اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں کبھی بولڈ مناظر یا لباس پر اعتراض نہیں کیا کیونکہ ان کے پیچھے ہمیشہ ایک وجہ اور کہانی ہوتی ہے۔

عالیہ علی نے مزید کہا کہ اگر یہ فلم کسی خاتون ہدایت کار کی جانب سے نہ بنائی جا رہی ہوتی تو وہ شاید اس پروجیکٹ کا حصہ ہی نہ بنتیں۔ ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں کچھ صارفین ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ کچھ تنقید بھی کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں