وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6/6 ہے جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی عینک لگا کر تقریباً 70 فیصد ہے۔
شیخوپورہ بار کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وکلا کے مسائل کا ادراک ہے اور ان کا حل حکومت کی ترجیح ہے، انصاف کی فراہمی کے لیے بار اور بینچ کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں مشکل فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے موٹر ویز اور جی ٹی روڈ کی بندش کو غیر آئینی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت آئین و قانون کی پاسداری کرے، بصورت دیگر وفاق آئینی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرے گا۔
بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ طبی ٹیم نے جاری علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اپوزیشن رہنماؤں و ذاتی معالجین کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پمز اور الشفاء انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا تھا۔ اس سے قبل وکیل سلمان صفدر نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 15 فیصد تک رہ گئی ہے، جس پر عدالت نے 16 فروری تک تفصیلی میڈیکل رپورٹ طلب کی تھی۔









