انٹربینک میں ڈالر 300 کے قریب، اوپن مارکیٹ میں 306 روپے کا ہوگیا

کراچی: روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اُڑان کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور آج بھی اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں ڈالر نے اونچی چھلانگ لگادی۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی ڈالر کی قدر میں 2 روپے کا اضافہ ہوگیا، جس سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر 306 روپے کا ہوگیا۔ گزشتہ روز بھی ڈالر 2 روپے اضافے کے ساتھ 304 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 38 پیسے کی کمی کے ساتھ 296 روپے 75 پیسے کی سطح پر آیا، تاہم بعد میں ڈالر کی قدر میں بڑھنے کا سلسلہ شروع ہوا اور ڈالر کی قیمت ایک روپے 87 پیسے اضافے سے 299 روپے کی سطح پر آ گئی، جو کہ اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بھی جاپانی ین، یورو اور پاؤنڈ کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے منفی اثرات مقامی سطح پر پاکستانی روپے کی قدر کو متاثر کررہے ہیں۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ جاری معاشی حالات کے تناظر میں پاکستان سے مختلف شعبوں کے پیشہ ور نوجوان افرادی قوت غیر یقینی مستقبل کے خطرات بھانپتے ہوئے بیرون ملک جانے کو ترجیح دے رہے اور انہی افرادی قوت کی جانب سے زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر ودیگر اہم غیرملکی کرنسیوں کی ڈیمانڈ بڑھگئی ہے جس سے پاکستانی روپیہ مستقل لڑکھڑا رہا ہے۔دریں اثناء پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 87 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوا جب کہ گزشتہ روز پی ایس ایکس میں مندی کا رجحان رہا تھا۔پی ایس ایکس میں منگل کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 47535 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جو بعد میں 199 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ مزید بڑھ کر 47647 پوائنٹس کی سطح پر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں