راجہ ساجد کو بروکلین میلہ 2024 کا چئیرمین منتخب کرلیا گیا

2014 سے میلہ کی قیادت کررہے ہیں
لٹل پاکستان بروکلین میں ایک تقریب کے دوران انہیں چئیرمین بنانے کا اعلان کیاگیا،بروکلین میلہ کےلئے راجہ ساجد کی بڑی خدمات ہیں: عزیز بٹ
ہم سب کو سیاسی وابستگی سے ہٹ کر مل جل کر میلہ کو کامیاب بنانا چاہئے، مسلسل اعتماد کرنے پر میلہ کمیٹی کا شکریہ: راجہ ساجد
نیویارک( آواز نیوز)پاکستان سے باہر پاکستانی ثقافت کی سب سے بڑی پہچان بروکلین میلہ 2024 کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔گزشتہ کئی سالوں سے بروکلین میلہ کی قیادت کرنے والے پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت راجہ ساجد کو اس سال کے لئے بھی بروکلین میلہ کمیٹی کا چئیرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔پاکستانی امریکن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری عزیز بٹ نے بروکلین میں ایک تقریب کے دوران راجہ ساجد کو چئیرمین منتخب کئے جانے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی بیگم شکیلہ چوہدری ان کے شوہر ڈاکٹر خالد لقمان، میاں فیاض اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔عزیز بٹ نے کہا کہ راجہ ساجد2014 سے بروکلین میلہ کے چئیرمین ہیں اور ان کی قیادت میں بروکلین میلہ کامیابی سے منعقد ہورہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس سال بھی میلہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم راجہ ساجد کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہماری درخواست پر ایک بار پھر میلہ کی چئیرمینی قبول کرلی ہے۔ راجہ ساجد نے عزیز بٹ، جاوید خان ، پرویز چوہدری سمیت بروکلین میلہ کمیٹی کا مسلسل اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر میلہ کو کامیاب بنائیں گے میلہ میں کسی ایک سیاسی جماعت یا گروپ کا نہیں بلکہ پاکستانی کمیونٹی کا ہم سب نے مل کر اسے کامیاب بنانا ہے۔ راجہ ساجد نے کہا کہ پاکستان ڈے پریڈ کو کامیاب بنانا بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے کیونکہ بروکلین میلہ کی طرح پاکستان ڈے پریڈ بھی پاکستان کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کا خواہ کسی بھی جماعت سے تعلق ہو وہ اس کی حمایت کرے لیکن جب میلہ یا پریڈ کی بات آئے تو ہمیں مل جل کر حصہ لینا چاہیے اور اسے کامیاب بنانا ہم سب کی یکساں ذمہ داری ہے۔راجہ ساجد نے بیگم شکیلہ چوہدری کو امریکہ آمد پر ویلکم کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں