قومی ترقی میں ممتاز سول سرونٹس اور ممتاز سماجی و ادبی شخصیات کی 1947 سے 2025 تک خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
لاہور ( پ ر) سول سروسز لیگیسی گلڈ (CSLG) نے الحمراء ہال، لاہور میں 1947 سے 2025 کے دوران قوم کی خدمت کرنے والے مرحوم سول سرونٹس اور ممتاز شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے پہلے قومی تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا۔ تقریب کو انتظامات سول سروس اکیڈمی کے 53 ویں کامن پروبیشنرز نے بخوبی سرانجام دیئے۔ک
تعزیتی ریفرنس سے سرپرست اعلٰی CSLG نجیب اللہ ملک، فرحان عزیز خواجہ، سلمان صدیق، ڈاکٹر امجد ثاقب، کامران لاشاری، طارق محمود اور سہیل احمد عزیزی نے خطاب کیا۔ مقررین نے وطن عزیز اور آئین پاکستان کے ساتھ مرحومین کی وفاداری کو سراہا اور کہا کہ ان تمام سول سرونٹس نے زندگی کی آخری سانس تک اپنے عہد اور حلف کی پاسداری کرتے ہوئے عام شہریوں کی بھرپور خدمت کی۔
مقررین نے ان شخصیات کی گراں قدر خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی غیر معمولی قابلیت اور عوامی خدمت کے لئے ذوق یقین کا حوالہ بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحومین کے عزم و استقلال، محنت و کمال، مقصد سے وابستگی اور سچی لگن نے وطن عزیز کی بقا و ترقی اور مستقبل کی طرف پیشقدمی پر دیرپا اثرات چھوڑے ہیں۔
سی ایس ایل جی کے بانی یاور مہدی نے بچھڑ جانے والے مرحومین کی فیملیز سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کی روحوں کے ایصالِ ثواب، ان پر اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتوں اور بلندی درجات کی دعا کی۔
بیشک سول سروسز فورم ان ممتاز سول سرونٹس کی قابلِ تحسین خدمات کو تسلیم کرتا ہے اور ان کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ تعزیتی تقریب کے اختتامی سیشن میں سول سروسز اکیڈمی کے پروبیشنرز نے وزیراعظم پاکستان جناب شہباز شریف اور گورنر پنجاب جناب سردار سلیم حیدر کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ علاوہ ازیں سلمان فاروقی صاحب کا آڈیو پیغام بھی حاضرین مجلس کی خدمت میں پیش کیا گیا۔
بعدازاں مرحومین کے لئے ایصال ثواب کیلئے صدارتی ایوارڈ یافتہ نعت خواں حافظ مرغوب احمد ہمدانی کے درود و سلام، فاتحہ اور دعا کے ساتھ یہ تاریخ ساز تقریب اختتام پذیر ہوئی۔









