اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نجی ٹی وی کے لائیو پروگرام کے دوران پیش آنے والی اچانک مداخلت اور نشریات میں رکاوٹ پر وضاحت جاری کر دی ہے۔
گزشتہ روز احسن اقبال ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک کسی کی مداخلت کے باعث ان کا موبائل فون بند ہو گیا، جس سے لائیو نشریات میں مختصر تعطل پیدا ہوا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے مختلف سوالات اور تشویش کا اظہار کیا جانے لگا۔
سوشل میڈیا صارفین نے جاننا چاہا کہ لائیو پروگرام کے دوران وفاقی وزیر کے ساتھ کیا پیش آیا اور پس منظر سے آنے والی (بظاہر غصے میں) آواز کس کی تھی، جس کے باعث معاملہ پراسرار بن گیا اور موضوع زیرِ بحث آ گیا۔
بعد ازاں ایک صحافی کے ٹوئٹ کے جواب میں احسن اقبال نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کے ساتھ مختصر بحث کے باعث پروگرام میں رکاوٹ آئی، جبکہ وہ شخص اس بات سے لاعلم تھا کہ وہ اس وقت لائیو شو میں گفتگو کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چند لمحوں بعد وہ دوبارہ پروگرام جوائن کر چکے تھے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس واقعے پر غیر ضروری سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی احسن اقبال سے بات ہوئی ہے۔ ان کے مطابق ایک بچہ غیر متوقع طور پر کمرے میں داخل ہو گیا تھا، تاہم بعد ازاں صورتحال معمول پر آ گئی۔









