ایک غیرمعمولی فضائی واقعے میں امریکی ایئرلائن یونائیٹڈ ایئرلائنز کے ایک مسافر اپنی مطلوبہ منزل کے بجائے دوسرے ملک جا پہنچا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس سے نکاراگوا کے شہر ماناگوا جانے والا مسافر غلطی سے ایسی پرواز میں سوار ہوگیا جو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو جارہی تھی۔ پرواز کے دوران اسے یہ غیر متوقع صورتحال کا علم ہوا جب اس نے عملے سے پوچھا کہ ہیوسٹن کا سفر تین گھنٹے کے بجائے چھ گھنٹے کیوں لگ رہا ہے۔
طیارہ بالآخر ہنیڈا ایئرپورٹ پر اترا، جہاں مسافر کو دو راتیں ہوٹل میں قیام کرنا پڑا۔ بعد ازاں ایئرلائن نے اس کے آئندہ سفر کا بندوبست کیا تاکہ وہ اپنی اصل منزل تک پہنچ سکے۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ کمپنی نے ایئرپورٹ انتظامیہ سے رابطہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مسافر غلط پرواز میں کیسے سوار ہوا۔ ترجمان کے مطابق مسافر سے معذرت کی گئی اور اسے معاوضے کی پیشکش بھی کی گئی۔ ابتدا میں ایئرلائن نے 300 ڈالر کا سفری کریڈٹ بطور معافی دینے کی پیشکش کی، جسے بعد میں بڑھا کر ایک ہزار ڈالر کر دیا گیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ مسافروں کو چاہیے کہ وہ بورڈنگ گیٹ پر نصب نشانات اور اعلانات پر توجہ دیں تاکہ وہ درست پرواز میں سوار ہوں۔









